داعش نے سعودی عرب پر بھی حملوں کی دھمکی دے دی
عالمی دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ نے کہا ہے کہ مستقبل میں وہ سعودی عرب پر بھی اسی طرح کے حملے کرے گی جیسے وہ اب تک یورپ اور ایران وغیرہ میں کرچکی ہے۔
اپنے ہفت روزہ آن لائن نیوز لیٹر میں داعش نے سعودی عرب کی قیادت میں 34 مسلم ممالک کے فوجی اتحاد کو ’’صلیبیوں کے ساتھ گٹھ جوڑ‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے ’’مسخروں اور احمقوں کا گروہ‘‘ کہا ہے۔ اس کے علاوہ داعش نے سعودی عرب پر حملوں کی دھمکی بھی دے ہے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: اسلامی فوجی اتحاد کا پہلا اجلاس، 39آرمی چیفس کی شرکت
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق داعش نے اپنے ہفت روزہ آن لائن نیوز لیٹر میں اسلامی فوجی اتحاد سے متعلق شامل مضمون کا عنوان ’’محمد بن سلمان کے حیرت زدہ ہم نواؤں کا اتحاد‘‘ لگایا ہے جبکہ اس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ اتحاد، اسلام کی سرزمین پر ظالم اور مطلق العنان حکومتوں کے زوال کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: افغانستان میں سرکاری ٹی وی اسٹیشن پر داعش کا حملہ
واضح رہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم ’’دولت اسلامیہ عراق و شام‘‘ المعروف ’’داعش‘‘ (ISIS) انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سرگرم ہے جبکہ یہ اپنی عسکری سرگرمیوں اور مستقبل کے عزائم سے متعلق پالیسی بیانات کو ہفت روزہ بنیادوں پر ایک غیر رسمی قسم کے نیوز لیٹر کی شکل میں اکٹھا کرکے آن لائن شائع کرتی ہے۔