خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں حریف قبائل کے درمیان مسلسل آٹھ روز سے جاری جھڑپوں کے دوران فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید 5 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔
ہسپتال کے ایک عہدیدار کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ آٹھویں روز بھی جاری رہا جس سے اب تک جھڑپوں میں مجموعی طور پر 46 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 96 افراد زخمی ہیں۔
پولیس اور ہسپتال ذرائع نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ ان جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا جب اپر کرم کے بوشہرہ قبائل نے احمد زئی قبائل کی زمینوں پر بنکرز بنانا شروع کر دیے تھے۔
ذرائع کے مطابق بدھ کو بالشخیل، سدہ، خر ویلی، پیوار، مقبل اور دیگر علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کرم ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ( ڈی ایچ کیو) کے ڈاکٹر قیصر عباس بنگش نے ڈان ڈاٹ کام کو ان تازہ جھڑپوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
*تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے*