کھیل

خواہش ہے بین الاقوامی کرکٹ سے پاکستانی فضا مہکے

کراچی ، لاہور(اسپورٹس رپورٹر، ڈیسک)پی سی بی نے مستقبل قریب میں انٹر نیشنل کرکٹ سے پاکستانی فضا مہکانے کی خواہش ظاہر کردی۔ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سری لنکا کیخلاف یو اے ای میں منعقدہ ہوم سیریز کے لوگو کی نقاب کشائی کی گئی۔اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین چیف سلیکٹر پی سی بی انضمام الحق بھی موجود تھے ۔ انضمام الحق نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا کیخلاف سیریز میں گرین شرٹس بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا قحط پڑا ہوا تھا جو پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی کاوشوں سے ختم ہوگیا اور ورلڈ الیون کے کامیاب دورے کے بعد امید ہے کہ مزید انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے اسپانسرز کا ا ہم کردار ہے جو مشکل حالات میں پی سی بی کا ساتھ دیتے رہے ۔ انضمام الحق نے ایک سوال پر کہا کہ اﷲ کا شکر ہے کہ نو ،دس سال میں کالے بادل چھٹ گئے اور ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں جب کہ نجم سیٹھی انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ اس موقع پر پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر امجد حسین کا کہنا تھا کہ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے ۔ورلڈ الیون کے کامیاب دورے کے بعد سری لنکا کیخلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کی میزبانی کیلئے تیار ہیں۔ لوگو کی نقاب کشائی تقریب میں اسپانسر ادارے جے ڈاٹ کے نعیم بٹ، کیو موبائل کے چیف ایگزیکٹو ذیشان اختر، ڈائریکٹر برائٹو پینٹس زین سکا، چیف منیجر مارکیٹنگ جوبلی انشورنس سید عثمان قیصر اور جنرل منیجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ پاور موٹر سائیکل محمد عمران خان بھی موجود تھے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button