خواجہ حارث نواز شریف کے نیب ریفرنسز سے علیحدہ
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور ان کی ٹیم تینوں نیب ریفرنسز سے الگ ہوگئی۔
خواجہ حارث نے نیب عدالت سے تینوں ریفرنسز میں وکالت نامہ واپس لینےکی درخواست کردی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں گزشتہ روز جو سماعت ہوئی اس کے بعد کیس میں پیش ہونا ممکن نہیں، سپریم کورٹ نے میرے مؤقف کوتسلیم نہیں کیا۔
خواجہ حارث نے مزید کہا کہ میرے تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے کے مؤقف کو بھی تسلیم نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے یہ ڈکٹیشن بھی دی کہ ایک ماہ میں ریفرنسز کا فیصلہ کریں، عدالتی اوقات کے بعد بھی کام کرنےکی ڈکٹیشن دی گئی ۔
خواجہ حارث نے یہ بھی کہا کہ ہفتے اور اتوار کو بھی عدالت لگانے کا کہا گیا، ایسے حالات میں کام جاری نہیں رکھ سکتا۔
درخواست دائر کرانے کے بعد خواجہ حارث اور ان کے معاون وکلاء احتساب عدالت سے باہر چلے گئے۔
واضح رہے کہ وکیل صفائی خواجہ حارث 9ماہ تک نوازشریف کے وکیل رہے۔