ایڈیٹرکاانتخاب

خواجہ آصف کا بیان درست ، گھر کی صفائی کا حامی ہوں، وزیر اعظم

لندن (نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا گھر کی صفائی سے متعلق بیان درست ہے میں بھی اس موقف کا حامی ہوں کہ اپنے گھر کی صفائی ہونی چاہیے ۔ لندن میں ایک انٹرویو میں انکا کہنا تھا خواجہ آصف کا موقف بالکل درست ہے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہم سب کو اپنے اپنے گھر اور اپنی اپنی جگہ صفائی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز حلقہ این اے 120کے الیکشن سے ثابت ہوا کہ پاکستان کے عوام کیا چاہتے ہیں اور نوازشریف کی قیادت ہی اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے ۔ انہوں نے کہا احتساب کا عمل اتنا شفاف نہیں ہے اس پر اپنی ایک خاص حکمت عملی بنا رہے ہیں جس پر بہت جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے ۔ ان کا کہنا تھا ایل این جی کیس میں حاضر ہوں میرا دامن صاف ہے ،عدالت میں سب کچھ سامنے آجائیگا۔ شیخ رشید کے الزامات جھوٹے ثابت ہونگے میں کہیں نہیں جائوں گا۔ مجھے علم ہے بنگلہ دیش سمیت پوری دنیا میں جہاں بھی ایل این جی ہے ان سب سے سستے نرخوں پر لی ہے ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کا دہشتگردی کیخلاف کردار واضح کرینگے کیونکہ پاکستان نے امریکہ کے سامنے اپنی قومی پالیسی واضح کر دی ہے ۔ ادھر وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی لند ن میں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد وفد کے ہمراہ چارروزہ دورے پر نیویارک پہنچ گئے ۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے علاوہ بعض عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کرینگے ۔ دفترخارجہ کے مطابق وزیر اعظم جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر، میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے بحران اور افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کا موقف پیش کرینگے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات کے علاوہ سائیڈ لائن ملاقاتوں میں برطانیہ، اردن ، ترکی، افغانستان، سری لنکا، ایران اور نیپال کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کرینگے ۔اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کرینگے ۔امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم افغانستان اور جنوبی ایشیا کے بارے میں صدر ٹرمپ کی پالیسی کے تناظر میں بات چیت کرینگے ۔ توقع ہے امریکی نائب صدر سے پاکستانی وزیر اعظم کی ملاقات منگل کے روز ہوگی، 21ستمبر کو وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button