خواجہ آصف کابیان سیکیورٹی اداروں کی حوصلہ شکنی ہے،عمران خان
اسلام آباد 29 ستمبر
(بشیر باجوہ بیوروچیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
عمران خان نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کے ذریعے پاک فوج کو ایسے وقت میں ٹارگٹ کرنے کی کوشش گئی جب وہ ہمارے دشمنوں سے کئی محاذوں پر لڑ رہی تھی ،انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو شہداء کی قربانیوں سے کوئی غرض نہیں اور اسی لئے بھارت اورامریکہ کو خوش کرنے کے لیے پاک فوج کو نشانہ بنانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور ان کے حواری بھارتی اورامریکی لابی کو خوش کرنے کی کوشش میں ہیں کیونکہ ان کے مفادات، ان کی جائیدادیں اورلوٹا ہوا مال سب کچھ مغربی ملکوں میں ہے ۔عمران خان نے مزید کہا کہ خواجہ آصف کی عسکریت پسند گروپوں کو تسلیم کرنا ملکی سیکیورٹی کمزور کرنے کے مترادف ہیں ،ایسے وزیر خارجہ کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔