پاکستان

خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے نئے رہنما کو’ڈمپر’ کہہ دیا

اسلام آباد 14جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈ)
وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے نئے شامل ہونے والے کسی رہنما کا نام لیے بغیر کہا کہ پی ٹی آئی میں سیاسی گند کھینچنے کے لیے ‘نیا حاصل کردہ ڈمپر’ اور ‘ٹریکٹر ٹرالی’ موجود ہیں۔
خواجہ آصف نے ٹویٹر میں اپنے پیغامات میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چھوڑ کر حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہونے والی فردوس عاشق اعوان کا نام لیے بغیر بظاہر انھیں’نیا حاصل کردہ ڈمپر’ قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر نے اپنے ٹویٹ میں جہاں وزیراعظم کی تعریف کی وہی پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی۔
وزیراعظم کے خلاف ہونے والےتحقیقات کے حوالے سےان کی تعریف کرتے ہوئے خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‘وزیراعظم اپنے آپ کو مثال بناتے ہوئے تاریخ رقم کررہے ہیں جبکہ عمران خان سیاسی گند کو جمع کررہے ہیں اور پارٹی کو گندگی میں ڈال رہے ہیں’۔
خواجہ آصف نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں شیریں مزاری کو گزشتہ سال کہے ہوئے جملے کا استعمال کرتے ہوئے ایک اور جملے کا اضافہ کردیا تاہم براہ راست کسی کا نام نہیں لیا۔
مزید پڑھیں: خواجہ آصف نے شیریں مزاری کو ’ٹریکٹر ٹرالی‘ کہہ دیا
ان کا کہنا تھا کہ ‘ٹریکٹر ٹرالی اور نیا حاصل کردہ ڈمپر کو سیاسی گند کھینچنےکے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جس کے لیے کوئی اضافی کوشش نہیں کرنی پڑے گی’۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے خواجہ آصف کی جانب سے پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں کے حوالے سے دیے گئے بیان پر شدید احتجاج کیا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ‘ہماری بھی بہنیں اور بیٹیاں ہیں’۔
پی ٹی آئی کی جانب سے خواجہ آصف کے ٹویٹ پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیراطلاعات اور پی پی پی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے حال ہی میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا جس پر کئی حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔
فردوس عاشق اعوان اور خواجہ آصف دونوں کا تعلق سیالکوٹ سے ہے جہاں پر حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کے رہنما نے فردوس عاشق اعوان کو گزشتہ عام انتخابات میں شکست دی تھی۔
خیال رہے کہ خواجہ آصف نے ایک سال قبل گزشتہ رمضان میں قومی اسمبلی میں ایک تقریر کے دوران شیرین مزاری کا نام لیے بغیر ‘ٹریکٹر ٹرالی’ کہا تھا جس پر پی ٹی آئی سمیت پوری اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بعدازاں خواجہ آصف نے اسمبلی میں کہے ہوئے اپنے الفاظ پر تحریری معذرت نامہ جاری کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button