خواتین اہلکاروں کو ہراساں کرنے پر 3اہلکار معطل
اسلام آباد میں خواتین پولیس اہلکاروں کو ہراساں کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، خواتین اہلکاروں نے چیف جسٹس شکایات سیل میں درخواست دائر کر دی تاہم آئی جی اسلام آباد نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
خواتین اہلکاروں کی درخواست پر آئی جی نے فوری کارروائی کا حکم دے دیا، جس میں 3 اہلکاروں کی نشاندہی ہوگئی جبکہ آئی جی کا کہنا ہے معاملے پر مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔
لیڈیز اہلکاروں نے چیف جسٹس شکایات سیل میں داد رسی کے لیے درخواست دائر کر دی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں ہماری عزتوں سے کھیلا جاتا ہے اور ڈی ایس پی پولیس لائن، ریڈر اور آپریٹر ہمیں اپنے کمروں میں بلاتے ہیں۔
درخواست میں اپیل کی گئی کہ چیف جسٹس آف پاکستان معاملے پراز خود نوٹس لیں، تمام ثبوت فراہم کیے جائیں گےجبکہ درخواست میں مزید کہا گیا کہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹر کا نظام بہت خراب ہے، کالی بھیڑوں کو نکالا جائے۔