خارجہ پالیسی پر سب ایک پیج پر ہیں ،ملک کے لیے ساری جماعتیں اکٹھی ہیں ،ہم صرف نواز شریف کی کرپشن کے خلاف ہیں :عمران خان

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی پر تمام لوگ ایک پیج پر ہیں ،وطن عزیز کے لیے سب اکٹھے ہیں اور کوئی اختلاف نہیں ہے ،ہم صرف نواز شریف کی کرپشن کے خلاف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک بچانے کے لیے بلاول بھٹو سمیت تمام لوگ آگے آئیں ،بلاول سے کہتا ہوں کراچی میں نیا دور لانے کا موقع ہے ۔
کراچی میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سب سے بڑا دہشت گرد ہے لیکن ایم کیو ایم پاکستان نے خود کو دہشت گرد ونگ سے الگ کر لیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں خوف کی سیاست ختم ہوتی جا رہی ہے لیکن ابھی بھی کراچی کی سیاست میں اچھے لوگ آنے سے ڈرتے ہیں ،بلاول بھٹو سے کہتا ہوں کراچی میں نیا دور لانے کا موقع ہے ۔عمران خان نے کہا کہ کراچی سیاست کا گڑھ ہے اس لیے شہر سے خوف کی سیاست ختم ہونی چاہیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر متضاد بیانات دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی کرپشن بچانے کے لیے اداروں کو تباہ کر رہے ہیں ،کرپٹ وزیر اعظم ادارو ں کو کرپٹ کر کے پیسہ بناتے ہیں ،ہمارے ملک کو ادارے انصاف نہیں دے رہے ،احتساب ہمیشہ اوپر سے شروع ہوتا ہے ۔عمران خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی مضبوط ترین جماعت بن گئی ہے ،تبدیلی آرہی ہے ،اسے کوئی نہیں روک سکتا۔