حکومت عوام کو صحت اور تفریح کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ شازیہ سہیل میر
گوجرانوالہ 23اکتوبر2017
(بیورو چیف پاکستان بشیر باجوہ، نیوز وائس آف کینیڈآ)
پاکستان مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ کی جنرل سیکرٹری و ممبرقو می اسمبلی شازیہ سہیل میر اور ممبر صو بائی اسمبلی پیر غلام فرید سے مسلم لیگ کے کارکنوں اور عہدیداروں کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے انہیں لیڈیز پارک کی صورت حا ل سے آگاہ کرکے جلد از جلد فعا ل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے بتا یا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا اروپ لیڈیز پارک جانوروں کی آماجگاہ بن چکا ہے دن میں گائے۔ بھینسیں ‘بھیڑ ‘بکریاں اور رات کو آوارہ جانورو ں کتوں کے ڈیرے ‘ اہل علاقہ کی طرف سے عملہ تعینات کرکے پارک کو فعال کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔ انہو ں نے مزید بتا یا کہ اروپ میں شہریوں کے پر زور اصرار پر حکومت پنجاب نے سرکاری خزانے سے زر کثیر خرچ کرکے لیڈیز پارک تعمیر کیا لیکن بد قسمتی سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر عملہ کی عدم تعیناتی کے باعث فعال نہ ہو سکا۔ عرصہ تین سال گذرنے کے باوجود پارک ویران پڑا ہے مناسب توجہ نہ ہونے کی وجہ سے خوبصورتی ماند پڑ چکی ہے دن اور رات کے اوقات میں آوارہ جانور یہاں دندناتے رہتے ہیں جبکہ خواتین اور بچے پارک کی تعمیر مکمل ہونے کے باوجود تفریح اور سیر کی سہولتیں میسر نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی کاشکار ہیں۔
ایم این اے شازیہ سہیل میر اور ایم پی اے پیر غلام فرید نے اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت عوام کو صحت اور تفریح کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔تفریح گاہیں ‘ باغات اور پارکس شہریوں کو تندرست و توانا رکھنے کے ساتھ ساتھ ماحول پر خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں اور آلودگی کے خاتمہ میں مدد بھی کرتے ہیں پیر غلام فرید نے کہاکہ پی یچ اے کے سربراہ اور ایم پی اے توفیق احمد بٹ کو صورت حال سے آگاہ کرکے عملہ کی تعیناتی اور پارک کی خوبصورتی و بحالی اور فعال کرنے کے لئے کہاجائے گا۔