پاکستان

حکومت سابق وزیراعظم نوازشریف کے نامکمل ایجنڈے کو پورا کرے گی،مریم اورنگزیب

اسلام آباد 5 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھا،حکومت سابق وزیراعظم نوازشریف کے نامکمل ایجنڈے کو پورا کرے گی،حزب اختلاف وفاق کومضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے،سوشل میڈیا استعمال کرنے والے دوسروں پر کیچڑ اچھالنے اور کسی کی ذات پر حملے سے اجتناب کریں۔
جمعہ کو حلف اٹھانے کے بعد سرکاری ذرائع ابلاغ سے باتیں کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سابق وزیراعظم نوازشریف کے نامکمل ایجنڈے کو پورا کرے گی۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم نے اپنے پچھلے تین ادوار میں جس طریقے سے عوام کی خدمت کی ہماری تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی یہی وجہ ہے کہ نوازشریف لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہاکہ نواز شریف نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھا۔وزیر مملکت نے حزب اختلاف پر زوردیا کہ وہ وفاق کومضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ صوبوں میں حز ب اختلاف کی جماعتوں کی حکومتیں ہیں اور انہیں بھی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرناچاہیے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ لوگ جو سوشل میڈیا استعمال کررہے ہیں وہ انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اپنی آزادی رائے کااظہار کریں اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنے اور کسی کی ذات پر حملے سے اجتناب کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما عائشہ گلالئی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے افسوس کااظہار کیا کہ ایسے اقدامات پر سیاست کرنے سے اجتناب کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا عظیم مذہب خواتین کو انتہائی عزت و احترام دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے ،انہوں نے کہاکہ وویمن پارلیمانی کاکس اس معاملے پر اپنا کردار ادا کرے گا۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تربیت کیلئے کام کرتی رہوں گی۔ۤۤۤۤۤۤۤ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button