پاکستان

حکومتی صفوں میں بڑے بجلی چور پکڑنے تک لوڈ شیڈنگ قابو میں نہیں آئیگی: سراج الحق

لاہور (نیوز وی او سی) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اس کے خلاف ہونے والے عوامی احتجاج کو حکومت کی طر ف سے لاٹھی گولی سے دبانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج سے حکمرانوںکے دعوئوں کی قلعی کھل گئی، جن میں کہا گیا تھا کہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی اورلوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے درگئی میں لیویز کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت پر سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرحکومت ریاستی مشینری کو اپنے خلاف ہونے والے عوامی احتجاج کو روکنے کے لیے استعمال کرے گی تو پورا ریاستی سٹرکچر تباہ ہوجائے گا اور پھر بپھرے ہوئے عوام حکمرانوں کے محلوں تک جا پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے جبکہ بجلی کے منافع میں وفاق اسکا پورا حصہ نہیں دے رہا اور سب سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کا شکار بھی خیبر پی کے کے عوام ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ساہیوال کول پاور، نندی پور اور بھکھی پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے کے بعد بھی حکومت شارٹ فال پورا نہیں کرسکی۔ حالانکہ ان پاور پلانٹس کی تنصیب کے وقت بڑے بلندو بانگ دعوے کیے جارہے تھے کہ اب ہم بھارت کو بھی بجلی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومتی صفوں میں موجود بڑے بجلی چوروں کو نہیں پکڑا جاتا اور لائن لاسز پر قابونہیں پایا جاتا بجلی کا شارٹ فال کم ہوگا نہ لوڈ شیڈنگ کا جن قابو میں آئے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیویز فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے گرفتار شہریوں کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتجاج کو پرامن رکھیں اور توڑ پھوڑ اور جلائو گھیرائو پر اکسانے والوں کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button