حسین حقانی کو ویزوں کے اجراءکا ذمے دار قرار دے دیا۔
ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے آرٹیکل پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حسین حقانی کی جانب سے امریکیوں کو ویزے کے اجراء کے معاملے پر پاک فوج نے بیان جاری کر دیا، حسین حقانی کو ویزوں کے اجراءکا ذمے دار قرار دے دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ویزا معاملے پرپاکستانی ریاستی اداروں کا مؤقف درست ثابت ہو گیا،حقانی کے کردارسے متعلق تشویش کی بھی تصدیق ہوگئی، حسین حقانی کا کہنا ہے کہ اصل معاملے سے توجہ نہ ہٹائی جائے، ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ سامنے لائی جائے۔
سال 2011ءمیں میمو گیٹ نے امریکا میں پاکستانی سفیر حسین حقانی کو موضوع بحث بنایا، الزام تھا کہ امریکی مفادت کے لیے کام کرنا، امریکیوں کو بغیر کلیئرنس ویزوں کا اجراء اور پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کو بدنام کرنا، معاملہ ٹھپ ہوا مگر بازگشت جاری رہی۔
دس مارچ 2017ء کو امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ میں حسین حقانی کی تحریر نے ملک میں ایک نئی بحث چھیڑ دی،ایک بار پھر اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کے لیے پاکستان آنے والے امریکیوں کو ویزوں کے اجراء کا معاملہ اٹھا ، وہ ویزے جو مبینہ طور پر سیکیورٹی اداروں کی کلیئرنس کے بغیر جاری کیے گئے۔
امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی معاملے پر اپنا دفاع کرتے رہے، مگر اس دوران وزیر اعظم ہاؤس سے جاری شدہ جولائی 2010ء کا وہ خط منظر عام پر آگیا جس میں حکومت نےپاکستانی سفیر کو ایک سال کے لیے امریکیوں کو ویزے جاری کرنے کا صوابدیدی اختیار دیا تھا۔
حسین حقانی کا جواب آیا کہ ویزے انہوں نے جاری ضرور کیے مگرڈیفنس اتاشی کی منظوری کے بعد،معاملے پارلیمان پہنچا تو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا۔
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے معاملے کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
ادھر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ روز نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پاکستانی سفیر کو ویزے سے متعلق دیئے گئے اختیارات 2014 ءمیں واپس لیے گئے،آج پاک فوج نے معاملے پر بیان جاری کر دیا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نےسوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ویزہ معاملے پرحسین حقانی کی جانب سے امریکی اخبار میں جاری کیے گئے بیان سے پاکستانی ریاستی اداروں کا مؤقف درست ثابت ہو گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بیان سے ویزہ معاملے میں حسین حقانی کا کردار ثابت ہو گیا۔