پاکستان
جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ پر وزیر اعظم طلب ہونگے، شاہ محمود
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کی پہلی رپورٹ پیش کی جائے گی ، جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ یہ پہلی بار ہو گا کہ جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ پر وزیر اعظم کی طلبی کا فیصلہ کیا جائیگا ۔
وہ اتوار کو کراچی پہنچنے کے بعد ائر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں از سر نو حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں، کئی شخصیات سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، یہاں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ہوئی تو معاملہ حل کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ زرعی معیشت تباہ ہو رہی ہے اور ٹیکسٹائل انڈسٹری شدید بحران میں ہے ۔