جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کیخلاف پروپیگنڈاحکمرانوں کی گھبراہٹ کا ثبوت ہے
صادق آباد(نیوز وی او سی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کیخلاف پروپیگنڈاحکمرانوں کی گھبراہٹ کا ثبوت ہے ،پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ،اپنے نانا اوروالدہ کے مشن کی تکمیل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا ،انشاء اﷲ آئندہ الیکشن میں عوام کی بھرپور حمایت سے ن لیگ اور پی ٹی آئی کو شکست دینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روحانی شخصیت میاں صالح محمد اندھڑسے ملاقا ت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے ، اس میں شخصیات کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جیالے اورعوام میرے ساتھ ہیں،حکمران داخلی اور خارجی طور پر ناکام ہو چکے ہیں ،شہید بے نظیر بھٹو کو مختلف عدالتوں میں ایک ہی دن پیش ہونے کے احکامات جاری ہوتے تھے اب مریم نوازکو طلبی کے نوٹس پر حکمران واویلا مچا رہے ہیں، ضلع رحیم یارخان پیپلزپارٹی کا منی لاڑکانہ ہے ۔ اس موقع پر میاں صالح محمد اندھڑ نے بلاول بھٹو کومسجد بھونگ شریف اور درگاہ کوبا جامی کے دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔