جینا ہاسپل سی آئی اے کی پہلی خاتون سربراہ مقرر
واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سی آئی اے سربراہ کے لیے نامزد خاتون جینا ہاسپل امریکی کانگریس سے حتمی منظوری کے بعد سی آئی اے کی پہلی خاتون ڈائریکٹر مقرر کردی گئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران جینا ہاسپل کے حق میں 54 جبکہ مخالفت میں 45 ووٹ آئے جس کے بعد انہیں باقاعدہ سی آئی اے سربراہ کا عہدہ مل گیا ہے۔سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران کئی لامیکرز نے ان کی تعیناتی کی شدید مخالفت کی، ری پبلکن سینیٹر جان مکین خود بھی ہاسپل کو ووٹ نہ دینے کی لابنگ کرتے رہے۔ جان مکین نے کہا کہ ہاسپل کی تقرری سے دنیا بھر کو منفی پیغام جائے گا۔
دوسری جانب ری پبلکن پارٹی کے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی پوری سپورٹ جینا ہاسپل کے ساتھ تھی۔واضح رہے کہ 2002 میں جینا ہاسپل نے تھائی لینڈ میں سی آئی اے اسٹیشن چیف کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائی تھیں جب کہ ان پر دوران تفتیش ملزمان پر واٹربورڈنگ سمیت بد ترین تشدد کرنے کے الزامات ہیں۔