جیت پاکستانی کھلاڑیوں سے روٹھی رہی۔ پاکستان نے چار پوائنٹس حاصل کئے اور گروپ میں چوتھے نمبر پر رہا
گولڈ کوسٹ ( نصر اقبال/نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے چار میں سے کوئی بھی گروپ میچ نہ ہارنے کا انوکھا کارنامہ انجام دیا۔ گرین شرٹس نے حسب روایت ملائیشیا کے خلاف میچ بھی 1-1سے ڈرا کرلیا۔ جیت پاکستانی کھلاڑیوں سے روٹھی رہی۔ پاکستان نے چار پوائنٹس حاصل کئے اور گروپ میں چوتھے نمبر پر رہا۔ بدھ کو کرارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی۔ دو یقینی چانس ضائع کردیے۔ کوئی بھی میچ جیتنے میں ناکام رہنے والی قومی ٹیم کو اب ساتویں پوزیشن کیلئےجمعہ کو کینیڈا سے زورآزمائی کرنا ہوگی۔ پاکستان کو چھ پنالٹی کارنر ملے جو بےکار گئے۔ آخری دو کوارٹر میں حریف کے گول پر کی گئی نشانے بازی کا بھی کوئی نتیجہ نہیں ملا۔ پاکستانی کھلاڑیوں میں ہم آہنگی اور گیند پر کنٹرول بھی مایوس کن رہا۔ ملائیشیا کے خلاف پاکستان نے نویں منٹ میں شفقت رسول کے فیلڈ گول کی مدد سے برتری حاصل کر لی جو 39ویں منٹ میں رمضان رسولی نے ختم کردی۔ پاکستانی کھلاڑی اس میچ میں خاصے تھکے ہوئے دکھائی دیے۔ میچ کےبعد قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹیمنز نے میڈیا سے گفتگو میں ٹیم کی پرفارمنس پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں کہا کہ ایک بھی میچ نہ جیتنے سے مایوسی ہوئی ہے، ہماری پرفارمنس توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ ٹیم تشکیل کے مرحلے میں ہے، میں نے تین ہفتے پہلے ہی اپنی ذمے داری سنبھالی ہے، اس لئے فوری طور پر ٹیم کی جیت کا دعویٰ نہیں کرسکتا، معاہدے کی مدت میں پاکستان ہاکی کو جیت کے ٹریک پر لا کر واپس جائوں گا ، ٹیم کو آگے ایشین گیمز میں حصہ لینا ہے جس میں بھی مجھے گولڈ میڈل کی توقع نہیں ہے۔دریں اثنا نویں دسویں پوزیشن کے لئےجنوبی افریقا اور ویلز جبکہ پانچویں چھٹی پوزیشن کیلئے ملائیشیا اور اسکاٹ لینڈ مدمقابل ہوں گے۔ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ اور بھارت کا نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ بدھ کو گروپ میچوں میں بھارت نے انگلینڈ کو3- 4، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو1-2 اور جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 2-0 سے شکست دی۔