جہانگیر ترین اور شاہ محمود آگے چل کر صلح کر لیں گے کیونکہ ۔۔۔کاشف عباسی
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیاہے اور دونوں ہی اب کھل کر ایک دوسرے کے خلاف میدان میں آ گئے ہیں تاہم سینئر صحافی اور معروف اینکر پرسن کاشف عباسی نے تحریک انصاف کے ان دو بڑوں کی لڑائی کے ڈراپ سین کے حوالے سے ایسی پشین گوئی کی ہے کہ سن کر سب ہی حیران رہ جائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان شدید لفظی جنگ ہوئی جس کے بعد عمران خان نے مداخلت کرتے ہوئے ماحول کو ٹھنڈا کیا تا ہم اس کے بعد حامد خان بھی جہانگیر ترین کے خلاف میدان میں آئے اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ۔اس لفظی جنگ کے چرچے ہر طرف میڈیا میں بھی ہوتے رہے تاہم نجی ٹی وی’’ 92 نیوز ‘‘ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور اینکر پرسن کاشف عباسی کا کہناتھا کہ عمران خان کی پی ٹی آئی آج بہترین حالت میں ہے ، اندرونی سطح پر کریکس اب کم ہیں ،جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو پتہ ہے کہ حکومت بننے والی ہے ، جہانگیر ترین جانتے ہیں کہ انہیں کچھ نہیں ملنا لیکن شاہ محمود قریشی کو کچھ چاہیے اس کی وجہ سے وہ دونوں آگے چل کر صلح کر لیں گے اور مسئلہ زیادہ خراب نہیں ہو گا ۔