جہاد کیلیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں، دفاع پاکستان کونسل
پشاور: دفاع پاکستان کونسل نے امریکا کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کردیا کہ امریکا پاکستان کو ترنوالہ نہ سمجھے، پوری قوم فوج کے ساتھ ہے اور جب بھی کافرکی یلغار ہوئی جہاد کی اجازت لینے کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہے گی بلکہ پوری قوم امریکا کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی۔
پشاورمیں دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ عالمی قوتیں ایک ہیں اور امریکا کا پہلا ہدف پاکستان ہے، موجودہ حالات میں متحد ہونے کی ضرورت ہے، 57800 حملے پاکستان کے فضائی اڈوں سے افغانستان پر ہوئے ہیں، ان کا کیا جواز ہے؟
مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اگر دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری نہیں تھی تو پاکستان کو میدان جنگ کیوں بنایا گیا؟ لیکن ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر امریکا نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم فوج کا بھرپور ساتھ دے گی،کشمیر کی آزادی کی بات کرنے والے حافظ سعید پر پابندیاں افسوسناک ہے، انھوں نے کہا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ فاٹا کو پختونخوا میں ضم کیاجائے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ میں کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں،جب بھی ملک میں سازشوں نے سر اٹھایا تو دینی حلقوں نے دفاع کیا جو قابل ستائش ہے۔
جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر پروفیسر ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر حملے کے حوالے سے اقتدارکے ایوانوں سے سازش ہو رہی ہے،امریکی صدر کہ حالیہ بیانات کے مقابلے میں حکمرانوں کو ٹھوس موقف اپنانا چاہیے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس ملک میں مودی کے یاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ہم ایسے لوگوں کو اٹھاکر ملک سے باہر پھینک دینگے۔
علاوہ ازیں پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی، صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر،اجمل خان وزیر،مولانا فضل الرحمان خلیل ،پروفیسر ابراہیم، حافظ عبدالغفارروپڑی، محمد یعقوب شیخ، سیف اللہ خالد،مولانا حامد الحق حقانی،حافظ عبدالرؤف، الحاج لیاقت علی خان،مفتی نجیب اللہ،مولانا نصر جاوید،مفتی محمد قاسم،مولانا یوسف شاہ،سید عبدالوحید شاہ،ابوولید ہزاروی، محمد حارث ڈار،عتیق چوہان،مولانا اعجاز سیف، مولانا سلطان محمود ضیا،مولانا عبدالحی حقانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
حافظ سعید کو کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ ملی، ٹیلی فونک خطاب کیا
وفاقی حکومت نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کو پشاور میں منعقدہ دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام جلسے میں شرکت کی اجازت نہیں دی جس کے باعث انھوں نے جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کیا جس میں انھوں نے مرکزی حکومت کے اس اقدام کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔
حافظ سعید نے خبردار کیا کہ امریکا ہو یا بھارت جس نے بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو ملک کے 20 کروڑ عوام اٹھ کھڑے ہوں گے اور انھیں ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ نسلوں تک یاد رکھیں گے۔