جو جھک گیا وہ اہل جو، ڈٹ گیا وہ نا اہل، مریم نواز
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ جو جھک گیا وہ اہل جو، ڈٹ گیا وہ نا اہل، عمران خان کا کردار ہر الیکشن کے اندر مہمان اداکار کا ہوتا ہے ، 2018 میں عمران دور دور تک نظر نہیں آئیں گے، عمران خان کی قسمت میں استعمال ہی ہونا ہے ۔
ساہیوال میں جلسہ سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ عمران پورے پاکستان سے لوگ اکٹھا کرکے لاہور لاتے ہیں کہ وہ ان کی بات سنیں لیکن لاہور کے لوگوں نے بات سننے سے انکار کردیا کیوں کہ وہ جان گئے ہیں کہ تمہاری حیثیت ایک مہرے سے زیادہ کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی طرح کروڑوں روپیہ بہایا گیا اور لوگوں کو ٹکٹ کا لالچ دے کر بسیں بھروائی گئیں جس کے باوجود خالی بسیں مینار پاکستان آئیں کیوں کہ خیبر پختونخوا سے آئی بسیں بھری ہوتیں تو مینار پاکستان بھی بھرا ہوتا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف جہاں جاتے ہیں وہاں کے لوگ موجود ہوتے ہیں اور انہیں ضرورت نہیں کہ لوگ بھر بھر کر لائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیسہ بہا کر لوگوں کو پشاور سے لانا تھا تو پشاور میں ہی جلسہ کرلیتے لیکن جنہیں پشاور سے بھر کر لائے تھے، انہوں نے خود لاہور کی ترقی اپنی آنکھوں سے دیکھ لی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سازشی مہروں نے عوام کا ووٹ پیپلزپارٹی کے آگے گروی رکھ دیا ہے، یہ دونوں ووٹ مانگنے آئیں تو زرداری عمران بھائی بھائی کے نعرے سے استقبال کرنا ہے۔
اس موقع پر مریم نواز نے عمران زرداری بھائی بھائی کے نعرے بھی لگوائے۔