جن کی بھنویں گہری اور گھنی ہوں وہ افراد خود پسندی میں مبتلا ہوتے ہیں
کراچی (نیوز ڈیسک) سائنس نے عام لوگوں کی مشکل آسان کر دی ہے کیونکہ اب خودپسندی میں مبتلا شخص کو پہنچاننا بہت آسان ہے۔ کینیڈا کی یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے ماہرین نے بتایا ہے کہ ایسے افراد جن کی بھنویں گہری اور گھنی ہوں وہ افراد خود پسندی میں مبتلا (narcissist) ہوتے ہیں۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ میں ریئلٹی شوز کے معروف جج سائمن کوویل اور شو بز سے تعلق رکھنے والی دیگر معروف شخصیات، جیسا کہ میڈونا، آڈری ہیپبرن اور مارلن مونرو، کی بھنویں بھی گہری اور گھنی تھیں۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ دلکش، گہری، گھنی اور جاذب نظر بھنویں ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ایک خودپسند شخص ہیں۔ اس تحقیق میں حصہ لینے والے مرد اور خواتین سے پوچھا گیا کہ وہ اس جملے سے کس قدر اتفاق کرتے ہیں کہ ’’اگر اس دنیا پر میں حکومت کروں گا تو یہ دنیا ایک بہتر جگہ ہوگی‘‘۔ ان مرد اور خواتین شرکاء کے قدرتی احساسات کے اظہار کی تصاویر بنائی گئیں اور جب یہ تصاویر سروے میں حصہ لینے والے دیگر افراد کو دکھائی گئیں تو انہوں نے عاجزانہ اور حلیم طبع افراد کے مقابلے میں خودپسندی میں مبتلا افراد کو آسانی سے پہچان لیا۔ جب محققین نے انہی تصاویر میں سے کمپیوٹر کی مدد سے بھنویں غائب کر دیں تو شرکاء اس طرح کی پہچان میں ناکام ہوگئے۔ تحقیق کرنے
والی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر میرنڈا گائیکومن کا کہنا ہے کہ خودپسند افراد کی بھنویں بہت نمایاں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ توجہ اور تعریف پسند کرتے ہیں اور شاید اسی لیے اپنی بھنویں گہری اور گھنی رکھتے ہیں تاکہ لوگ انہیں دیکھیں اور توجہ دیں اور یاد رکھیں۔ اس سے ان کی پسندیدگی بڑھ جاتی ہے اور وہ اپنے لیے مثبت رائے قائم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھنی بھنووں سے وجاہت میں اضافہ ہوتا ہے اور ماضی میں انہیں اپنے لیے پارٹنر منتخب کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔