جنوبی ایشیا میں نئی صف بندی؛ پاکستان کی روس سے ایس یو 35 طیاروں کی خریداری پر غور
اسلام آباد: پاکستان اور روس رواں برس پہلی مشترکہ فوجی مشقیں کرنے والے ہیں جبکہ پاکستان جدیدترین روسی جنگی جہازایس یو35 خریدنے پر بھی غور کر رہا ہے۔پاکستانی فوج ٹینک شکن ہتھیاروں اور ایئر ڈیفنس نظام کے حصول کی خواہاں بھی ہے تاہم یہ بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے،گزشتہ15ماہ کے دوران آرمی، ایئر فورس اور نیوی کے سربراہوں نے ماسکو کے دورے کیے ہیں، ماسکو میں پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا ہے کہ ایئر چیف سہیل امان نے روسی حکام سے ثمرآور مذاکرات کیے ہیں۔
اس پیشرفت سے پتہ چلتا ہے کہ جنوبی ایشیا نئی تزویراتی صف بندی کے عمل سے گزر رہا ہے ( اگرچہ کوئی بھی فریق کھل کراس پر بات نہیں کررہا )۔ اسلام آباد کے سفارتی ذرائع اور عہدیداروں کا کہنا ہے کہ فوجی مشقیں فوج سے فوج کی سطح پر بڑھتا ہوا تعاون دونوں ممالک کے مسلسل فروغ پاتے باہمی تعلقات کی جانب ایک اور قدم ہے۔ایک سینئر فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے2,2سو اہلکار ان مشقوںمیںحصہ لیں گے جو کہ رواں برس کے آخر میں ہوں گی۔