جماعت رضائے مصطفے پاکستان کے مرکزی امیر الحاج صاحبزادہ محمد داؤد رضوی نے کہا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کی دینی خدمات تاریخ اسلام کا روشن باب ہیں (بشیر باجوہ بیو رو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
گوجرانوالہ 7 ۔ اپریل
جماعت رضائے مصطفے پاکستان کے مرکزی امیر الحاج صاحبزادہ محمد داؤد رضوی نے مرکزی جامع مسجد زینت المساجد میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کی دینی خدمات تاریخ اسلام کا روشن باب ہیں‘495 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود آپ کی عظمت و فضیلت میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی نے ساری زندگی اطاعت خداوندی اور رسول پاک ﷺ کی سنتوں پرعمل کرتے ہوئے گزاری‘ آپ نے نوے لاکھ غیر مسلموں کو کلمہ طیبہ پڑھا کر خدمت اسلام کا بہت بڑا فریضہ انجام دیا۔صاحبزادہ محمد داؤد رضوی نے کہا کہ حضرت معین الدین چشتی اجمیری ؒ نے اسلام سے متصادم رسم ورواج کو ختم کرکے اسلامی طور طریقوں کو رواج دیا اور اپنے آقا و مولی ﷺ کی سنتوں کو عام کیا۔ مگر افسوس کہ آج کے مسلمان دوبارہ شادی بیاہ کے موقع پر مہندی وغیرہ کی ہندوانہ رسومات کو اپنانے میں مصروف ہیں جنہیں اپنی اصلاح کرنی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ نے تلوار کی بجائے اپنے کردار سے لوگوں کے دل اسلام کی طرف مائل کئے جبکہ موجودہ دور میں اسلام کے نام پر بے گناہ لوگو ں کو مارنے والے جہاد نہیں بلکہ فساد کرنے میں مصروف ہیں۔