جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا
کراچی: جماعت اسلامی نے اضافی بلنگ اور بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے بھینسیں باندھ کر دھرنا دے دیا جب کہ اس دوران کارکنان نے بھینسوں کے آگے بین بجا کر احتجاج بھی کیا۔
جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کی جانب سے اضافی بلنگ اوربجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج جاری ہے اور اس دوران کارکنان نے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے بھینسیں بھی باندھ دیں اور ان کے آگے بین بجا کر انوکھا احتجاج کیا۔
جماعت اسلامی کا پرامن دھرنا جاری تھا کہ اس دوران پولیس کی بھاری نفری کے الیکٹرک کے دفتر پر پہنچی جس پر کارکنان مشتعل ہوگئے، پولیس اور کارکنان کے درمیان معمولی بدنظمی ہوئی تاہم جماعت اسلامی کی قیادت نے کارکنان کو کنٹرول کرتے ہوئے انہیں پیچھے کردیا۔
جماعت اسلامی کی قیادت کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے جب تک کراچی کے ساتھ زیادتی ختم نہیں کی جاتی اور ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے تب تک ہمارا احتجاج جاری ہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتے ہفتے بھی جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف شاہراہ فیصل پراحتجاج کیا تھا اور اس دوران پولیس اور جماعت اسلامی کے کارکنان کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جب کہ پولیس نے حافظ نعیم الرحمان کو حراست میں لے لیا تھا۔