جماعت اسلامی کا فاٹا اصلاحات بل ایوان میں لانے کا مطالبہ
فاٹا اصلاحات پر جماعت اسلامی کا احتجاجی لانگ مارچ اسلام آباد میں چائنا چوک پہنچ گیا ،اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ مارچ کا حصہ بن گئے ۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے راستے میں مختلف مقامات پر مارچ کے شرکاء سے خطاب کیا ،انہوں نے اس موقع پر حکومت سے فاٹا اصلاحات بل ایوان میں لانے کا مطالبہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہناتھاکہ مارچ کا مقصد قبائلی علاقوں سے ایف سی آر کا خاتمہ ہے،ہم ظلم اور ناانصافی کا خاتمہ چاہتے ہیں ، ہم آئین قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں ۔
ان کا مزید کہناتھاکہ قبائلی عوام دہشت گرد نہیں ، ہم گولیوں اور آںسو گیس سے ڈرنے والے نہیں ، قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات کا بل پیش نہ کرکےعوام کے ساتھ منافقت کی گئی ۔
احتجاجی مارچ میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمااور قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھی شریک ہوئے ۔