’’جس نے ایک زندگی بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچا لیا‘‘ امریکی جریدے ٹائم کے سرورق پر قرآنی آیت کا حوالہ
نیو یارک (اے پی پی) تباہ حال شام میں زندگیاں بچانے میں مصروف رضاکاروں اور کارکنوں کو امریکی جریدے ’ٹائمز‘ نے بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ یہاں تک کہ امریکی جریدے نے بھی قرآن پاک کی سورہ المائدہ کی آیت 32 کا حوالہ دیا ہے جس میں اللہ رب العزت کا فرمان ہے کہ جس نے ایک زندگی بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچالیا۔ اس آیت کا حوالہ دینے کے بعد امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں شام کی بربادی کے ڈھیروں میں زندگی تلاش کرنے والے ان کارکنوں کی خدمات پر روشنی ڈالی ہے اور انہیں دنیا کے عظیم لوگ قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں لکھا ہے کہ جنگی طیارے موت بانٹتے ہیں جب کہ سفید ہیلمٹ پہنے رضاکار اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر زندگیاں بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔میگزین نے شام میں تباہی وبربادی کی تصویر کشی کے لیے طویل رپورٹ شائع کی ہے۔ جس میں دل دہلا دینے والے واقعات اور امدادی کارکنوں کو درپیش مشکلات کا بھی تفصیلی احوال بیان کیا گیا ہے۔