جس دن فیصلہ کرلیا 20 صوبے بناکر دکھائیں گے جس میں ایک صوبہ ہمارا ہوگا، فاروق ستار
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ جس دن ہم نے 20 صوبے بنانے کا فیصلہ کرلیا تو بنا کردکھائیں گے اور ان 20 صوبوں میں ایک صوبہ اپنا بھی بنائیں گے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت منتخب نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ پیپلزپارٹی آج سندھ کی تقسیم روکنےکا دعویٰ کرتی ہے تو سندھ کی تقسیم سب سے پہلے خود پی پی نےکی، پیپلزپارٹی نے ہی صوبے کو دیہی اور شہری سندھ میں تقسیم کیا اور پھر لوگوں کے دلوں اور ذہنوں کو بھی تقسیم کردیا،انگریزوں کی خدمت کےعوض سندھ کے وڈیروں کو جاگیریں ملیں جب کہ ہماری قربانیوں کی بدولت آزاد ملک بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تو ابھی صرف صوبے بنانے کا خواب دیکھا ہے اورجب فیصلہ کرلیا تو ملک میں 20 صوبے بنا کردکھائیں گے اور ان میں ایک صوبہ ہمارا بھی ہوگا۔
اس موقع پر فیصل سبزواری نے کہا کہ جگہ جگہ کنٹینرلگائےجارہےہیں اور کنٹینر لگا کر پتنگ کاٹنے کی باتیں کی جارہی ہیں،ہم استعفےجیب میں رکھ کرگھومتے ہیں جب کہ ہمارے الیکشن پر نقب لگانےکی کوشش کی جارہی ہے تاہم کوئی یہ نہ سمجھے ہم ڈرجائیں گے۔ ان کاکہنا تھا کہ متحدہ کی جرات مندانہ کوششوں میں کیڑے نکالے جارہے ہیں جب کہ کوٹہ سسٹم اور بھرتیوں کے نام پر لوٹا جارہا ہے۔