جسٹس (ر) ناصر الملک سب کیلئے قابل قبول ہیں: نواز شریف
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) ناصر الملک کی بطور نگران وزیر اعظم نامزدگی قابل ستائش ہے وہ سب کیلئے قابل قبول ہیں۔
احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ناصرالملک زبردست جج اور چیف جسٹس رہے، ان کی بطور نگران وزیر اعظم نامزدگی قابل ستائش ہے وہ سب کیلئے قابل قبول ہیں ان پر کبھی کسی نے انگلی نہیں اٹھائی۔ جسٹس ناصرالملک کی نامزدگی کو سراہا جانا چاہیے ، سیاستدانوں کو تنگ نظر نہیں ہونا چاہیے۔
سابق آئی ایس آئی چیف جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اسد درانی نے کتاب لکھی، مشرف اور شاہد عزیز نے بھی بیان دیے، اسد درانی نے بہت اہم گفتگو کی ہے، ضرورت ہے کہ ساری چیزوں کی تہہ تک جایا جائے۔مشاورت کے ساتھ قومی تحقیقاتی کمیشن بننا چاہیے ، کمیشن میں پارلیمنٹ ، سول سوسائٹی اور عدلیہ شامل ہو، اسٹیبلشمنٹ بھی کمیشن کا حصہ ہوسکتی ہے۔ ملبہ ایک بندے پر نہیں ڈالا جاسکتا صرف ایک بندے کے خلاف انکوائری کا فائدہ نہیں بلکہ پورے نیٹ ورک کے خلاف انکوائری ہو ہم نے قوم کو ڈبونا نہیں ہے۔