جرمن کے لوگ سیاسی معاملات میں برداشت، یکجہتی اور احترام کو فروغ دیں۔ نئے سال کے موقع پر انجیلا میرکل کا پیغام
منور علی شاہد بیوروچیف جرمنی
جرمن کی قائم مقام چانسلر انجیلا میرکل نے اتوار کی شام جرمن ریڈیو سے نشر کئے گئے اپنے ایک پیغام میں جرمن شہریوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی اور احترام کا مظاہرہ کرتے ہوئے برداشت کو فروغ دیں
نئے سال کے موقع پر اپنے نشریاتی پیغام میں تریسٹھ سالہ انجیلا میرکل نے جرمن معاشرے میں پائے جانے بعض خدشات کو رد کرتے معاشرے میں مکمل ہم آہنگی پر زور دیا اور کہا کہ کامیابی اور اعتماد دونوں نہ صرف معاشرے کا حصہ ہیں بلکہ حقیقت بھی ہیں انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ سے اس قسم کے مختلف خیالات نہیں دیکھے گئے تھے انہوں نے ان ان چند افراد کی ان باتوں کو یکسر رد کیا ہے جو معاشرے میں تفریق کی باتیں کر رہے ہیں
2018کے آغاز سے ایک دن پہلے ریڈیو پر سے اپنے ریکارڈ شدہ پیغام میں جرمن کی خاتون چانسلر نے مزید کہا ہے کہ جرمن شہریوں کو ایک دوسرے کی باتوں اور نظریات کا زیادہ خیال رکھنا چاہیے اور انہیں سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے اور ایک دوسرے کے لئے برداشت کا مظاہرہ کریں۔ موجودہ سیاسی بحران بارے انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کی فضا قائم کرنا ان کی ذمہ داری ہے اور اس کے لئے وہ اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ جلد ہی ایک مستحکم حکومت کے قیام بارے پرامید ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ستمبر2017
میں ہونے والے وفاقی انتخابات کے بعد تاحال حکومت سازی کا عمل مکمل نہیں ہو سکا ہے
اپنے خصوصی نشریاتی خطاب میں انہوں نے جرمن کی سیاست کو یورپ کے ساتھ جوڑتے ہوئے یورپ کے سیاسی و معاشی استحکام پر زور دیا اور کہا کہ ستائیس رکنی یورپی یونین کے مابین یکجہتی اور اتحاد ناگزیر ہے اور آئندہ برسوں میں یہی سوال اہمیت اختیار کرے گا۔ تین ماہ گزر جانے کے باوجود نئی حکومت کی تشکیل میں ناکامی اور داخلی امور میں گھمبیر مسائل کے باوجود انہوں نے اپنے خطاب میں مستقبل کے لئے چند اقتصادی اور معاشرتی منصوبوں کا پورے اعتماد کے ساتھ ذکر کیا اور کہا کہ جرمنی کے ساتھ اچھا اسی صورت میں ہوگا جب ہماری کامیابیاں دوسروں کے کام آئیں گی