جرمن حکمران جماعتیں ترکی کی دشمن ہیں, صدر اردوان
انقرہ(خبرایجنسیاں) ترک صدر رجب طیب اردوان نے جرمنی کی حکمران سیاسی جماعتوں کو ترکی کا دشمن قرار دے دیا۔استنبول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ جرمن چانسلر انگیلا مرکل کی حکمراں جماعت کرسچین ڈیموکریٹس یونین، سوشل ڈیموکریٹس اور گرین پارٹی یہ ساری جماعتیں ترکی کی دشمن ہیں، ترک نژاد جرمن شہریوں سے میری اپیل ہے کہ عام انتخابات میں ان سیاسی جماعتوں کو مسترد کردیں۔جرمنی میں 24 ستمبر کو عام انتخابات ہوں گے جن میں وہاں مقیم 10 لاکھ ترک نژاد جرمن اہم کردار ادا کریں گے ۔ ترک نژاد جرمن شہریوں کی بڑی تعداد رجب طیب اردوان کی حامی ہے ۔ اردوان نے کہا کہ ترک ووٹرز کو ان تینوں پارٹیوں کو سزا دینا چاہیے، میں اپنے تمام ہم وطنوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ان پارٹیوں کی حمایت کرنے کی غلطی نہ کریں بلکہ ایسی پارٹیوں کی حمایت کریں جو ترکی کی دشمن نہیں۔دوسری جانب جرمن وزرا نے ترک صدر کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیاہے ۔ جرمن وزیر خارجہ سگمار گبرئیل نے ترک صدر کے بیان کو جرمنی کی خودمختاری میں غیرمعمولی مداخلت قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ترک صدر جرمن عوام کو آپس میں لڑا رہے ہیں۔ الیکشن میں دخل اندازی سے گریز کیا جائے۔