جرمنی: انجیلا مرکل کو چوتھی بار اقتدار مل گیا
مسلمانوں اور تارکین وطن کی مخالف جماعت اے ایف ڈی 13.2 فیصد ووٹوں کیساتھ جرمنی کی تیسری سیاسی قوت بن گئی برلن(مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) جرمنی میں عام انتخابات میں چانسلر انجیلا مرکل کی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین اور اتحادیوں نے میدان مار لیا، جس کے باعث انجیلا مرکل چوتھی بار جرمن چانسلر منتخب ہو گئیں ۔جرمن پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق حکمران جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین اور کرسچین سوشلسٹ یونین کے اتحاد کو 33.3 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل رہی،سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے 20.8 فیصد ووٹ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی، مسلمانوں اور تارکین وطن کی مخالف دائیں بازو کی قوم پرست جماعت اے ایف ڈی کو 13.2 فیصد ووٹ ملے ، جس کے باعث موجودہ انتخابات میں اے ایف ڈی جرمنی کی تیسری بڑی قوت بن کر ابھری ہے ۔ فری ڈیموکریٹک پارٹی کو 10 فیصد، گرین پارٹی اور ڈی لنکے کو9.9 فیصد ووٹ ملے ۔ جرمن نیوز ایجنسی کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی تاریخ کی خراب ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 20.2 فیصد ووٹ حاصل کر پائی۔ الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ 76.5 فیصد رہا جبکہ 2013 کے انتخابات میں 71.5 فیصد تھا۔