پاکستان

جب وزیراعظم کی موجودگی ضروری ہوتی ہے وہ پارلیمنٹ میں موجود ہوتے ہیں

اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بچوں کیلئے علیحدہ تفریحی چینل کا قیام وقت کی ضرورت ہے،مستقبل کی نسل کو اپنی ثقافت اور روایات سے جوڑنے کیلئے مقامی مواد وضع کرنا ضروری ہے،بچوں کو ایسے مواد کی ضرورت ہے جو ان کی تعلیمی ضرورت کیساتھ کردار سازی بھی کر سکے۔وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے یہ بات بچوں کے چینل کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اپنے تمام چینلز پر بچوں سے متعلق تفریحی مواد کو زیادہ سے زیادہ شامل کرے ۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جب بھی وزیراعظم کی موجودگی ضروری ہوتی ہے وہ پارلیمنٹ میں موجود ہوتے ہیں،نو از شریف پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں وہ سڑک پر نکلتے ہیں تو لاکھوں کا مجمع اکٹھا ہوجاتا ہے، جب پارلیمنٹرینز پارلیمنٹ پر حملہ کرتے اور اس کے باہر اپنے دھلے ہوئے کپڑے ٹانگتے ہیں تو پارلیمنٹ کی قدر وقیمت کیا رہ جاتی ہے، عمران خان کتنی دفعہ بجٹ سیشن میں آئے ،کتنی دفعہ پارلیمنٹ میں کسی بحث میں حصہ لیا ، یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت اپوزیشن لیڈر کی تقریر براہ راست دکھانا نہیں چاہتی ہے۔پارلیمنٹ کی تعظیم حکومت نہیں کرتی بلکہ پارلیمنٹرینز کرواتے ہیں، اپوزیشن کو واقعی سوالات کے جواب چاہئیں تو پارلیمنٹ میں سوالات پیش کر کے ان کا جواب سننے کیلئے وہاں بیٹھیں، جب پارلیمنٹرینز پارلیمنٹ سے استعفے دیتے ہیں اور پھر واپس اسی پارلیمنٹ میں آتے ہیں اور پارلیمنٹ میں بیٹھے پارلیمنٹرینز کو ڈاکو اور پارلیمنٹ کو چور پارلیمنٹ کہا جاتا ہے تو پارلیمنٹ اس وقت بے معنی ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پتا ہے جے آئی ٹی کیسے کام کرتی ہے، جے آئی ٹی بنانا اور ارکان منتخب کرنا دو مختلف چیزیں ہیں، وزیراعظم نے پہلے دن جے آئی ٹی بنانے کیلئے کہا تھا، اسلام آباد میں وزیراعظم کے حق میں لگنے والا بینرز ان کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے اس سے کسی کو کیوں ڈر ہے،اسلام آبادمیں وزیراعظم کے حق میں بینر اگر سی ڈی اے کی مرضی سے لگا ہے تو اس میں کیا مسئلہ ہے، اگر یہ بینر سی ڈی اے کی اجازت سے لگا ہے تو اس مہم کیلئے نمبر دیا گیا ہوگا، تمام سیاسی جماعتیں اسلام آباد میں بینرز لگاسکتی ہیں سی ڈی اے نے کسی کو بینر لگانے سے نہیں روکا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button