جاپان میں لاپتہ امریکی بحریہ کے 7 اہلکاروں کی لاشیں مل گئیں
ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپان کے ساحل پر امریکی جنگی بیڑے اور فلپائنی تجارتی جہاز میں ٹکر کے بعد لاپتہ ہونے والے 7 امریکی فوجیوں کی لاشیں مل گئی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق لاپتہ ہونے والے فوجیوں کی تلاش کے لیے امریکی اور جاپانی بحری افواج نے بڑے پیمانے پر فضائی و سمندری سرچ آپریشن کیا، تاہم فوجیوں کی لاشیں امریکی جہاز ’’یو ایس ایس فٹز جیرالڈ‘‘ کے برتھنگ کمپارٹمنٹس سے ملیں جس میں پانی بھر گیا تھا۔ لاشوں کو جاپان میں امریکی بحری اڈے کے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹوکیو کی بندرگاہ کے قریب امریکی جنگی بیڑے یو ایس ایس فٹز جیرالڈ اور فلپائنی تجارتی جہاز ’اے سی ایکس کرسٹل‘ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں امریکی کمانڈنگ افسر سمیت متعدد فوجی زخمی اور 7 اہلکار لاپتہ ہو گئے تھے۔ جاپان میں امریکا کا بڑا فوجی اڈہ یوکوسوکا قائم ہے جہاں سے بحر اوقیانوس میں امریکی بحریہ کی آپریشنل سرگرمیوں کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔