جان کیری کا مشرقی وسطیٰ کے حوالے سے بیان جانبدار اور اسرائیل کیخلاف ہے :نیتن یاہو
یروشلم(نیوز وی او سی )اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے کہاہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری کی مشرق وسطیٰ کے حوالے سے تقریر جانبدار اور اسرائیل کیخلاف ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نیتن ہاہو کا کہنا تھا کہ جان کیری مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کے مسئلے کے ساتھ جنون کی حد تک نمٹ رہے ہیں ،جس کی امریکہ نے مخالفت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جان کیری تنازعے کی جڑ کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہے ہیں ۔نیتن یاہو کا کہناتھا کہ جس طرح سلامتی کونسل کی قرار داد میں جان کیری نے اقوام متحدہ میں پیش قدمی کی ہے اسی طرح ان کی آج کی تقریر بھی جانبدار اور اسرائیل کیخلاف ہے ۔
واضح رہے کہ امریکی سیکرٹری خارجہ سینیٹر جان کیری نے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں یہودی آباد کاری سے امن برباد ہوگا،اسرائیل یہودی ریاست یا جمہوریت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔