ثقافت ہماری پہچان، ترقی اور یکجہتی کا بہت بڑا ذریعہ ہے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد ( نامہ نگارنیوز وی او سی) لوک ورثہ کے زیر اہتمام نوجوانوں کاتین روزہ ثقافتی میلہ جمعہ کو شروع ہو گیا وزیر اطلاعات، نشریات و ثقافتی ورثہ مریم اورنگزیب نے افتتاح کیا ۔ افتتاحی تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ شاہیرا شاہد نے بتایا کہ اس سال لوک ورثہ اپریل میں منعقد کیا جانے والا لوک میلہ نہیں سجا سکا جو اب اکتوبر میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی میلے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ نوجوان نسل کو اپنی تہذیب و تمدن ، فنون ، زبان اور ثقافت سے روشناس کروایا جائے ۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت کے حوالے سے ان کی حکومت نے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ثقافت کے حوالے سے ایک بہت اہم کام قومی فلم پالیسی کا تحفہ ہے جو قوم کو دیا گیا۔ ثقافت ہماری پہچان، ہماری ترقی اور ہماری یکجہتی کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔جدید اور تیز رفتار ترقی اور تبدیلی نے دنیا کو سمیٹ کر رکھ دیا ہے۔ یاد رہے نوجوانوں کا یہ میلہ اتوار رات ۸بجے تک جاری رہے گا۔ اتوار کی شام 6 بجے ’’ ایک ثقافتی شو پیش کیا جائے گا ۔