تینو ں مسلح افواج کے سربراہان ایک مرتبہ پھر وزیراعظم کے پاس پہنچ گئے
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن )قومی سلامتی کمیٹی نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے فیصلے کی توثیق کردی ,وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔اس موقع پر ملک کی داخلی اور خارجی صورتحال ،کنٹرول لائن کی صورتحال اور وزیراعظم کی او آئی سی اجلاس میں شرکت سمیت مختلف اہم موضوعات پر غور و فکر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،وزیردفاع ،وزیر خارجہ اور مشیر قومی سلامتی نے شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس آئی اور سینئر حکام بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ورکنگ باو نڈری پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی اور فائرنگ سے معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور خطے کی سکیورٹی کے ساتھ مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر آپریشن رد الفساد اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ ایف ٹی ایف کے حوالے ٹیرر فنانسنگ روکنے کے معاملے پر بریفنگ دی گئی ۔
قومی سلامتی کمیٹی نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے فیصلے کی توثیق کردی ، اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے خطے کی سکیورٹی پر بریفنگ دی گئی ۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کومزید مالی اور انتظامی اختیارات دیئے جائیں گے اور آئندہ 10سال کیلئے فاٹا کو اضافی فنڈز مہیا کئے جائیں گے ۔ کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے کے امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا جبکہ گلگت بلتستان کو 5سالہ ٹیکس چھوٹ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔اجلاس میں فلسطین اور کشمیر پر پاکستان کے موقف پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فاٹا کیلئے مختص فنڈز کسی دوسرے علاقے پر خرچ نہیں ہونے چاہئے ۔