تھریسامے نےالیکشن میں پارٹی کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرلی
13جون 2017
(بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈ)
برطانوی وزیراعظم تھریسامے نےعام انتخابات میں اپنی پارٹی کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری قبول کر تے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مسئلے کا حل خود نکالیں گی۔
برطانوی وزیراعظم نے8جون کےعام انتخابات میں کنزرویٹیو پارٹی کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری قبول کر لی، تھریسامے کا کہنا ہے کہ میں نے سب کو اس مسئلے میں ڈالا ہے اور میں ہی اسے حل کروں گی۔ واضح رہے برطانیہ میں حکومت سازی کے مسائل کی وجہ سے پچھلے 4 روز میں پونڈ کی قدر میں تقریباً 2 فیصد کمی آئی ہے۔ ادھربرطانیہ میں عام انتخابات کے غیرمتوقع نتائج اور کسی بھی جماعت کے اکثریت حاصل کرنے میں ناکامی پر یورپی رہنمائوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں معلق پارلیمان کے وجود میں آنے سے برطانیہ کے یورپی اتحاد سے علیحدگی کے لیے ہونے والے طے شدہ مذاکرات تعطل کا شکار ہوسکتے ہیں۔ یورپی یونین نے برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ مذاکرات کے لیے19جون کی تاریخ مقررکی تھی۔ لیکن غیر متوقع انتخابی نتائج کے بعد یونین کے کئی اعلیٰ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب مقررہ تاریخ پر مذاکرات کا آغاز مشکل ہوگا۔ بریگزٹ کے لیے یورپی یونین کے نامزد اعلیٰ مذاکرات کار مشل برنیئر نے عندیہ دیا ہے کہ اتحاد کے27ارکان مذاکرات کی تاریخ آگے بڑھا سکتے ہیں۔