تمام تیاریاں مکمل، پاکستان بھارت آج چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں مدمقابل
لندن 18 جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
بالآخر آ گیا وہ شاہکار جس کا تھا سب کو انتظار اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل آج روایتی حریفوں پاکستان اور دفاعی چیمپیئن بھارت کے درمیان اوول میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں کسی عجوبے کی طرح ابھر کر سامنے آنے والے پاکستانی ٹیم کو پہلے میچ میں 124 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ٹورنامنٹ سے اخراج یقینی نظر آنے لگا تھا لیکن پھر گرین شرٹس نے کمال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ، سری لنکا اور پھر فیورٹ انگلینڈ کو سیمی فائنل میں یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر سب کو چونکا دیا۔
فیورٹ کی حیثیت سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرنے والی بھارتی ٹیم نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی لیکن انہیں دوسرے ہی میچ میں اس وقت دھچکا لگا جب سری لنکا نے شکست دے کر ان کی ٹورنامنٹ میں پیش قدمی پر سوالیہ نشان لگا دیا۔
البتہ اس کے بعد بھارت نے جنوبی افریقہ اور پھر بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلوں میں باآسانی شکست دے کر فائنل کیلئے ٹکٹ بک کرا لیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے کسی ون ڈے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور اس سے قبل صرف ایک مرتبہ آئی سی سی ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے مابین فائنل کھیلا گیا تھا جب 2007 کے ورلڈ ٹی20 فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
لندن میں کھیلے جانے والے اس میچ کا شائقین کرکٹ کو انتہائی بے صبری سے انتظار ہے اور میچ کے ٹکٹ پہلے سے بکنے کے سبب اب ان کی بلیک میں فروخت شروع ہو گئی ہے۔
میچ کیلئے دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور ماہرین کرکٹ اسے پاکستان کی باؤلنگ اور بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کے درمیان مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔
انڈین بیٹنگ لائن نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اب تک کوئی بھی ٹیم انڈیا کو چیمپیئنز ٹرافی میں آل آؤٹ نہیں کر سکی جبکہ دوسری جانب پاکستان کی باؤلنگ لائن کی کارکردگی بھی بہترین رہی اور گرین شرٹس نے حسن علی کی عمدہ باؤلنگ سے تقویت پاتے ہوئے جنوبی افریقہ، سری لنکا اور انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجور کردیا۔
گو کہ سیمی فائنل میں پاکستانی بیٹنگ لائن نے کسی مشقت کے بغیر باآسانی ہدف حاصل کیا لیکن فائنل میں پاکستان کیلئے سب سے بڑا لمحہ فکریہ بیٹنگ ہو گی جو کئی مواقعوں پر دغا دے چکی ہے۔
کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹنگ لائن فارم میں آ چکی ہے اور بھارت کے خلاف میچ میں ٹیم بھرپور جوز و جذبے کے ساتھ میدان میں اتر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔
ادھر ویرات کوہلی نے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف فتح کے باوجود میچ کو آسان لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس میچ میں فتح کا فائنل سے کوئی سروکار نہیں اور نہ ہی اعدادوشمار کی کوئی اہمیت ہے۔ فتح اسی ٹیم کے قدم چومے گی جو فائنل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
ویرات کوہلی نے میچ کیلئے بھارتی ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کے امکان کر رد کر دیا ہے اور ہندوستان کی ٹیم متوقع طور پر سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔
اس کے برعکس پاکستانی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے اور انجری کے سبب سیمی فائنل میں شرکت نہ کرنے والے محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے لیکن ان کی جگہ کس کو باہر بٹھایا جائے گا اس کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔
ممکنہ طور پر رومان رئیس یا شاداب خان میں سے کسی ایک اور اپنی جگہ خالی کرنی پڑ سکتی ہے جبکہ فہیم اشرف کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا تو دونوں کھلاڑیوں کو بٹھایا جا سکتا ہے تاہم ٹیم مینجمنٹ حتمی فیصلہ میچ سے قبل پچ دیکھ کر کرے گی۔
لندن میں ان دنوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے لیکن اتوار کو موسم بہتر اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے جبکہ وکٹ مجموعی طور پر بلے بازوں کیلئے انتہائی سازگار رہے گی۔