ترک صدر کا کشمیر بارے اہم اعلان
انقرہ ( نیوزڈیسک)ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے جنوبی ایشیا میں روایتی حریف اور جوہری ہتھیاروں کے حامل ممالک پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنے کیلئے زور دیا ہے۔ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدر نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ان خیالات کا اظہار دورہ بھارت سے قبل انقرہ میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تنازعے کو طول دینا آئندہ نسلوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔اس موقع پر ترکی کے صدر نے کرد عسکریت پسند گروپوں اور کشمیریوں حریت پسندوں کے درمیان کسی بھی قسم مماثلت کو مکمل طور پر مسترد کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 70 سالہ دیرینہ تنازعے کے حل سے ان کی عوام کو ریلیف ملے گا اور خطے میں امن قائم ہوگا۔کیا ترکی نئی دہلی کو نیوکلئیر سپلائر گروپ میں داخل ہونے کی مخالفت کرے گا کے سوال پر رجب طیب اردگان نے کہا کہ ترکی ہمیشہ بھارت کے مذکورہ گروپ میں داخل ہونے کی حمایت کرتا رہا ہے اور اس بات کی بھی حمایت کرتا ہے کہ پاکستان کو بھی اسی طرح گروپ میں شمال کیا جائے۔