ترکی کی یونیورسٹی میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک
انقرہ(نیوز وی او سی آن لائن)وسطی ترکی کے شہر ’اسکی شہر‘ میں واقع عثمان غازی یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی میں فائرنگ کرنے والے کی شناخت کر لی گئی جو کہ یو نیورسٹی میں ریسرچ اسسٹنٹ کے عہدے پر فائز ہے ،فائرنگ کے نتیجے میں 4افراد ہلاک شدگان یونیورسٹی ہی کے ملازمین تھے۔دارالحکومت انقرہ سے 250 کلومیٹر کی دوری پر واقع یونیورسٹی کے پروفیسر حسن غونین نے خبر رساں ادارے کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح شخص کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں ایک ڈپٹی ڈین، ایک سیکریٹری اور 2 اساتذہ شامل ہیں۔
مسلح شخص کی شناخت بلقان ڈی کے نام سے ہوئی ہے جس نے 4 افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔اس واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ فوری طور پر حملے کے محرکات سامنے نہیں آسکے ہیں۔