ترکی سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 115 پاکستانی گرفتار
استنبول/ترکی 22 دسمبر2017
(بیورو رپوٹ پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
درجنوں غیر قانونی تارکین وطن سرحدی علاقے ایڈیرن سے یونان کی سرحد عبور کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، اطلاعات کی روشنی میں ترک حکام نے الگ الگ اوقات میں 4 بسوں کو روک کر اس میں سوار پاکستان سے تعلق رکھنے والے 115 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لے لیا
استنبول ترکی کی سیکیورٹی فورسز نے 166 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا جن میں 115 پاکستانی بھی شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک سیکیورٹی فورسز کو خفیہ اطلاعات ملی تھی کہ درجنوں غیر قانونی تارکین وطن سرحدی علاقے ایڈیرن سے یونان کی سرحد عبور کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، اطلاعات کی روشنی میں ترک حکام نے الگ الگ اوقات میں 4 بسوں کو روک کر اس میں سوار پاکستان سے تعلق رکھنے والے 115 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لے لیا۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد ایران کے راستے غیر قانونی طور پر ترکی میں داخل ہوئے تھے اور وہ یونان کے راستے یورپ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ ترک فورسز نے انسانی اسمگلنگ کے الزام میں 6 ترک اور ایک پاکستانی شہری کو بھی گرفتار کیا ہے جنہوں نے غیر قانونی تارکین سے فی کس 1500 امریکی ڈالر کے مساوی رقم وصول کی تھی۔ پولیس نے عدالت سے ملزمان کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔دوسری جانب ترک حکام نے 51 شامی باشندوں کو بھی غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ہونے والے شامی شہریوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔