تحریک انصاف کے کنونشن پرپولیس نے دھاوا نہیں بولا اپنا فرض پورا کیا ،لشکر کشی ،فتنے فساد اور یلغار کی سیاست کی اجازت نہیں دیں گے :پرویز رشید
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پولیس نے دھاوا نہیں بولا بلکہ تحریک انصاف نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی ہے، جو لاقانونیت اختیار کرے گا قانون اسے گرفت میں لے گا، پولیس نے اپنا فرض ادا کیا ہے، عمران خان گذشتہ ایک ہزار دن سے اپنا آئینی و جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے جلسے جلوس کر رہے ہیں جنہیں حکومت نے کبھی نہیں روکا لیکن اب وہ طاقت کا استعمال کرتے ہوئے دوسرے شہریوں کے آئینی و جمہوری حقوق سلب کرنے جا رہے ہیں، یہ جتھہ بندی کر کے یلغار کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، جو لاقانونیت کرتا ہے ریاست کو اپنا فرض ادا کرنا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ میں اسلام آبادکے شہریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں مکمل تحفظ دیا جائے گا، حکومت اپنے تمام وسائل استعمال کر کے شہریوں کی زندگی میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دے گی اور کسی کو شہر بند کرنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی اور جو بھی فساد،فتنے ،یلغار یا لشکر کشی کی سیاست کرے گاجو کہ جمہوریت کے منافی ہے ہم اس کے مقابلے میں جمہوریت کا تحفظ کریں گے اور جمہوریت یہی ہے کہ پاکستان کے لوگ اپنے حقوق سے محروم نہ ہوں ،شہریوں کی زندگی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو قانون ضرور حرکت میں آئے گا اور اسے اپنی گرفت میں لے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پولیس نے پی ٹی آئی کے یوتھ کنونشن پر دھاوا نہیں بولا بلکہ تحریک انصاف نے دفعہ 144 جو کہ پاکستان کا ایک قانون ہے اس کی خلاف ورزی کی ہے اورقانون نے تو اپنا فرض پورا کیا ہے، ریاست نے اپنا فرض پورا کیا ہے اور کرتی رہے گی، خان صاحب نے اعلان کیا ہے کہ ان کے شر پسند، ہنگامہ کرنے والے اسلام آباد پر لشکر کشی کریں گے اور اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی اجیرن کریں گے، بچوں کے سکول جانے کے راستوں کوبند کر دیں گے، ہسپتال جانے کے راستوں کو بند کر دیں گے، دفاتر کو جانے کے راستے بھی بند کر دیں گے بلکہ لوگوں کے کاروبار میں بھی مداخلت کریں گے لہذا حکومت کافرض ہے کہ وہ دو چار لوگوں کے مقابلے میں لاکھوں شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔ ایک اور سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے اور جو بھی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرے گا قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور لاقانونیت دو مختلف چیزیں ہیں وہ جمہوریت پر حملہ آور ہو رہے ہیں اور لاقانونیت کے مرتکب ہو رہے ہیں، کارکنوں کو اکسانا جمہوری نہیں غیر قانونی کام ہے، یہ لوگ جتھہ بندی ہی کر رہے تھے جسے قانونی طریقے سے روکا گیا،پاکستان میں جمہوری طریقے موجود ہیں اس لیے کسی کو یلغار کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جمہوریت کے نام پر کسی کو لاقانونیت کی اجازت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان یہ سب کچھ کر کے دراصل ملکی تعمیر و ترقی پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ماضی کے دھرنے میں بھی کئی وعدے کیے لیکن ان کی پاسداری نہیں کی اس لیے ان کے وعدوں پہ اعتبار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ اپنے وعدوں سے مکر بھی جاتے ہیں۔