تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ’’یوم تشکر‘‘ جلسے کا آغاز ہوگیا۔

اسلام آباد 30 جولائی 2017
(مصبح گل چیف رپوٹر پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان کے عوام ڈاکوؤں سے آزاد ہوچکے ہیں جس پر سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہوریوں شہباز شریف سے مقابلے کے لیے تیار ہوجاؤ کیوں کہ انہیں عدالت میں شکست ہوچکی اور عوامی عدالتوں میں آپ نے شکست دینی ہے۔
ٌ
جلسے عام میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اسٹیج پر موجود ہیں۔
نواز شریف کی نااہلی کے بعد چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ جلسہ جاری ہے۔
اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں سے تحریک انصاف کے کارکن قافلوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچے۔
تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ میں 30 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں جب کہ اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ میں ساڑھے 9 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جلسہ گاہ میں داخلےکے لیے 3 راستے بنائے گئے ہیں اور جلسے میں شرکت کرنے والی خواتین کے لئے الگ راستہ بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں بوتلیں اور بیگز لانےکی اجازت نہیں ہے اور خواتین انکلوژر پر خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ اے ٹی ایس جوان تعینات ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ سے 300 گز دوری پر گاڑیوں کے لیے پارکنگ بنائی گئی ہے، جلسے کے لیے آنے والی گاڑیوں کی بھی خصوصی چیکنگ کی جارہی ہے اور پی ٹی آئی کے رضاکار بھی اسلام آباد پولیس کے ساتھ موجود ہیں۔