تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کسی خاتون کو ٹکٹ نہیں دیا
لاہور (نیوز وی او سی) خواتین کے حقوق اور برابری کا ڈھنڈورا پیٹنے والی ملک کی بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن میں مرکزی عہدوںکے لئے کسی خاتون کو ٹکٹ نہیںدیا۔ سینئر تجربہ کار اورکمٹڈ خواتین میں فوزیہ قصوری، سلونی بخاری، شمسہ علی، ڈاکٹر یاسمین راشد، مہناز رفیع، طلعت نقوی، نازیہ ربانی اور رابعہ بصری و دیگررہنما شامل ہیں جوکسی اسمبلی یاسینٹ کی رکن بھی نہیںہیں مگر پارٹی کیلئے انکی طویل خدمات ہیںاور جو مین سٹریم میںآکر پارٹی کا اثاثہ ثابت ہو سکتی تھیں اور انکے سیاسی تجربے سے پارٹی کو فائدہ پہنچ سکتا تھا مگر انہیںسرے سے نظرانداز ہی کر دیاگیا جس پر پارٹی کی سینئر جونیئر خواتین انتہائی بددلی کا شکارہیں اور تحریک انصاف کے آئے روزکے جلسوں اور دھرنوں میں متاثرکن شمولیت کے باوجود مرکزی عہدوںکے الیکشن میں خواتین کو نظراندازکرنے پرکسی طرح بھی خوش نہیںہیں۔ خواتین رہنماؤںکاکہنا ہے کہ دو چار خواتین کو ہی شامل کرلیا جاتا تو ہمیں یہ احساس نہ ہوتا، خواتین رہنماؤںنے پی ٹی آئی کی خاطر بڑی بڑی قربانیاںدیں، گھر بار چھوڑکر طویل دھرنوں اور ہر روزکے جلسوں میں بھرپورشرکت کیاکم تھی کہ ہمیںکسی قابل نہیں سمجھا گیا، خواتین کوبااختیار بنانے کے حوالے سے پارٹی کے سب دعوے جھوٹے نکلے۔ واضح رہے کہ انتخابات میں شریک دونوں پینلز انصاف پینل اور احتساب پینل کی طرف سے کسی خاتون کو شامل نہیںکیاگیا۔ دوسری جانب یہ بھی الزام عائد کیا جا رہاہے کہ ایسا باقاعدہ سازش کے تحت کیاگیا ،بعض خواتین کوآگے نہ لانے کیلئے چند مرکزی عہدیداروں نے متعصبانہ رویہ اختیارکیا۔
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے دو روزہ انٹرا پارٹی الیکشن میں عمران خان کی قیادت میں انصاف گروپ اور نیک محمد خان کی سربراہی میں احتساب گروپ کے درمیان انتخابی دنگل شروع ہوگیا 11 جون بروز اتوار اور12 جون بروز پیرپی ٹی آئی کے رجسٹرڈ26 لاکھ ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے ووٹرز موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے اپنے پسند کے پینل کو ووٹ دیں گے نتائج کا اعلان چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی 13 جون بروز منگل کو کریں گے ۔