پاکستان

تحریک انصاف سمیت کسی کو بھی ملک میں انتشار کی اجازت نہیں دیں گے ،رکاوٹیں لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے لگائیں :ڈاکٹر مصدق ملک

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت کو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں انتشار کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ کوئی بھی قانون سے ماورا نہیں، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ اپنے 2 نومبر کے احتجاج کے لیے حکومت سے باقاعدہ تحریری درخواست کر کے اجازت لے اور یہ یقین بھی دلائے کہ لاک ڈاؤن نہیں بلکہ پرامن اور مخصوص جگہ پر احتجاج ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور جمہوری نظام میں پرامن احتجاج ہر شہری اور ہر سیاسی جماعت کا حق ہے جس سے کسی کو نہیں روکا جائے گا لیکن احتجاج کی آڑ میں فساد یا انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی یا کوئی اور سیاسی جماعت اگر حکومت سے باقاعدہ تحریری درخواست کے ذریعے احتجاج کی اجازت لے تو حکومت اسے نہیں روکے گی بلکہ اسے سیکیورٹی بھی فراہم کرے گی لیکن جب کوئی یہ کہے کہ میں تو نکلوں گا کیونکہ میں نے اعلان کر دیا ہے تو پھر غیر قانونی کام پر قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے رکاوٹیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لگائی ہیں اور اگر ہم یہ رکاوٹیں ہٹا لیں تو یہ لوگ پہلے کی طرح پھر حملہ آور ہوجائیں گے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ احتجاج کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ سپریم کورٹ جہاں اس نے کیس دائر کیا ہے اس کے فیصلے کا بھی انتظار کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button