تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے ترقی کا سفر ناکام بنانے کی کوشش کی: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی قیام امن اور توانائی بحران کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور ورثے میں ملنے والی تباہ حال معیشت کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے۔ آئندہ نسلوں کو پرامن، خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان دینے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی انتھک محنت اور مخلصانہ کاوشوں کے باعث پاکستان درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ 2 عشروں سے ملک پر چھائے اندھیرے چھٹ گئے ہیں اور بجلی کی قلت کے باعث اندھیروں میں ڈوبا ہوا ملک روشنیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ توانائی کے متعدد منصوبوں کے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار لندن میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں توانائی کے بحران نے قومی معیشت سمیت سے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا تھا۔ توانائی بحران، بیمار معیشت اور تباہ حال ادارے سابق کرپٹ حکمرانوں کے تحفے تھے، ہم نے قوم کو ان مسائل سے نجات دلائی ہے۔ سابق حکمرانوں نے غریب عوام کی محنت کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا اور ان کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔ میرٹ کو پامال کرکے باصلاحیت نوجوانوں کو ان کے حق سے محروم کیا۔ اپنے دور حکومت میں لوٹ مار اور کرپشن کا ایسا بازار گرم کیا جسے قوم کبھی بھلا نہیں سکتی۔ ان حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کے باعث ہی ملک میں غربت، افلاس اور مایوسی کے بادل چھائے ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے والوں نے غریب عوام کا حق چھینا، جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آ کر ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کا سفر شروع کیا تو دھرنا گروپ آ گیا اور دھرنوں سے ترقی کا عمل متاثر ہوا اور منصوبوں میں تاخیر ہوئی، دھرنا سیاستدانوں نے مشکلات میں گھری قوم کے مسائل میںمزید اضافہ کیا۔ تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے ترقی کے سفر کو تنزلی کا سفر بنانے کی ناکام کوشش کی۔ عوام ان کے عزائم کو بھانپ گئے اور اس لئے ان کے منفی کردار سے لاتعلق رہیں۔لندن سے نمائند خصوصی کے مطابق وزیراعلی نے کہا افواہیں بے بنیاد ہیں اسحاق ڈار سیاسی پناہ نہیں لے رہے وہ پاکستان جائیں گے۔ اب ہم پنجاب کے تمام افسروں کو لاہور بلاتے ہیں۔ بدتمیزی کا جواب بدتمیزی سے نہیںدیں گے۔ نواز شریف بھی پاکستان جارہے ہیں ہمیں پہلے بھی عدالتوںمیں گھیسٹا گیا۔ اپنا کلچر خراب نہیں کرنا چاہتے، عدالتوں میں قانون کے مطابق پیش ہوںگے۔ علاوہ ازیں وزیراعلی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب صدر پیرکلیم خورشید اور دیگر کو مبارکباد دی ہے۔ علاوہ ازیں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹی 20 میچ میں شاندار انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کارکردگی کی تعریف کی اورکہا کہ کابینہ کمیٹی برائے امن وامان اور انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر میچ کے لئے بہترین انتظامات کئے۔