بے گناہوں کو قتل کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، فتویٰ جاری
اسلام آباد: پاکستان علما کونسل نے لندن، کابل، سعودی عرب میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن کی دشمن قوتیں مختلف مذاہب کے درمیان تصادم پیدا کرنا چاہتی ہیں، بے گناہ انسانیت کو قتل کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
پاکستان علما کونسل کے دارالافتا سے جاری فتوے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر اشرفی، مولانا عبد الحمید وٹو، مولانا ایوب صفدر اور دیگر نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ نے امت کو غلو اور تجاوز کرنے کے بارے میں تنبیہ فرمائی تھی، داعش جیسی تنظیمیں اسلام اور مسلمانوں کی بدنامی کا سبب بن رہی ہیں، تکفیری گروہوں نے سیدنا عثمان غنیؓ اور سیدنا علی ؓ کو شہید کیا، قرآن کریم نے کسی بھی انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا اور آپؐ نے بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے والوں کو دین اسلام کی وسعتوں اور رحمتوں سے خارج کر دیا۔
علما کونسل انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی، رمضان کے بعد بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام مسلم مکاتب فکر اور تمام مذاہب کی مقتدر قیادت کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔