بیگم کلثوم نواز کے وزیراعظم بننے کی امکانات زیادہ ہیں، پاکستان کی تارِیخ کی دوسری خاتون وزیراعظم ہوں گی
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
بیگم کلثوم نواز کے وزیراعظم بننے کی صورت میں پس پردہ فیصلے نواز شریف کے ہی ہوں گے
سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب سے نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو انتخابات کے لیئے نامزد کیا جس کے بعد اج ریٹرننگ آفیسرنے کلثوم نوازکے کاغذات نامزدگی پرتمام اعتراضات مستردکرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کیلئے اہل قراردے دیا ہے۔
بیگم کلثوم نواز کے مقابلے میں تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکڑ یاسمین راشد الیکشن لڑ رہی ہیں جو کہ 2013 کے انتخابات میں نواز شریف سے اسی حلقے میں شکست کا سامنا کر چکی ہیں۔ ایک سروے کے مطابق اس وقت بیگم کلثوم نواز این اے 120 میں فیورٹ قرار دی جارہی ہیں تاہم تحریک انصاف کی رہنما ڈاکڑ یاسمین راشد کی جانب سے بھی بیگم کلثوم نواز کو کڑا وقت دینے کی بھرپور تیاری کی جا چکی ہے۔
آج صبح ایک خبر آنے کے بعد جس میں کہا جا رہا تھا کہ بیگم کلثوم نواز آج لندن روانہ ہوئیں ہیں اور عین ممکن ہے کہ وہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں حصہ نہ لیں کیونکہ ان کی ٹکٹ پر وطن واپسی کی تاریخ 24 ستمبر درج تھی اور این اے 120 کا ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہونا ہے۔ البتہ شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کی ٹکٹ پر واپس کی تاریخ فرضی طور پر ڈالی گئی ہے۔
بیگم کلثوم نواز تین روز میں وطن واپس آجائیں گی۔تاہم اب صورتحال یہ ہے کہ اگر بیگم کلثوم نواز انتخابات جیت جاتی ہیں تو اگلی پاکستان کی وزیراعظم وہ خود ہوں گی جو کہ بے نظیر شہید کے بعد پاکستان کی تارِیخ کی دوسری خاتون وزیراعظم ہوں گی اور اگر وزیراعظم بیگم کلثوم نواز بن جاتی ہیں تو اس میں کوئی شک والی بات نہیں ہے کہ پس پردہ فیصلے وزیراعظم نواز شریف کے ہی ہوں گے اور تمام فیصلے انہی کے جانب سے لیئے جائیں گے جبکہ بیگم کلثوم نواز ن لیگ کی جانب سے محض ایک چہرہ ہوں گی۔
تحریک انصاف کو پہلے جیسے حالات کا ہی سامنا کرنا ہو گا اور حکومتی پالیسیوں میں خاطرخواہ تبدیلیاں نہیں ہوں گی۔ تاہم شریف خاندان کے اندر جاری اندرونی اقدار کی جنگ میں اضافہ ہو جائے گا جو کسی ایسے موڑ پر آجائےگی جہاں راستے الگ ہونے کا خدشہ ہو گا۔ بعض ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی بیٹی مریم نواز این اے 120 سے الیکشن لڑنا چاہتی تھیں مگر انہیں ایسا موقع اپنی والدہ کی وجہ سے نہ مل سکا۔