بیلسٹک میزائل پروگرام ایران کے دفاع کے لیے ضروری ہے، حسن روحانی
بیلسٹک میزائل پروگرام ایران کے دفاع کے لیے ضروری ہے، حسن روحانی
تہران: ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل پروگرام ایران کے دفاع کے لیے ضروری ہے اور اسلحہ سازی کے لیے کسی سے اجازت لینے کا انتظار نہیں کریں گے۔
تہران میں یوم افواج کی پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران کے ہتھیار، طیارے اورٹینک پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال کے لیے نہیں جب کہ ہمارےعزائم جارحانہ نہیں لیکن ملکی ضرورت کے لیے ہرطرح کا اسلحہ بنائیں گے اور اسلحہ سازی کے لیے دنیا سے اجازت لینے کا انتظار نہیں کریں گے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ مضبوط آرمی بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جب کہ اندرونی صلاحیتوں پر انحصار کرنے والے ممالک ہی خودمختاری اور طاقت کو محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلسٹک میزائل پروگرام ایران کے دفاع کے لیے ضروری ہے اور کسی کی ہدایت یا کوئی معاہدہ ہمیں اسلحہ سازی سے نہیں روک سکتا۔
واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو ختم کرنے کی دھمکی کے بعد معاہدے میں شامل یورپی ممالک ایران کے بیلسکٹ میزائل پروگرام کے خلاف اقدامات پر غور کررہے ہیں۔