ایڈیٹرکاانتخاب

بہاولپورمیں آئل ٹینکرالٹنے کے بعد آگ لگنے سے 120 افراد جاں بحق

بہاورلپور: احمد پورشرقیہ کے قریب آئل ٹینکرکے الٹنے کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 120 افراد جاں بحق جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بہاولپورمیں احمد پورشرقیہ کے قریب آئل ٹینکرموڑکاٹتے ہوئے الٹ گیا، جس کے بعد متعدد لوگ آئل ٹینکر سے پیٹرول اکٹھا کرنے کے لیے جمع ہوگئے تاہم اسی دوران آئل ٹینکرمیں دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی، جس کے بعد وہاں موجود متعدد لوگوں بری طرح جھلس گئے جب کہ آئل ٹینکر سے گزرنے والی درجنوں موٹر سائیکل اورگاڑیاں بھی جل کرخاکسترہوگئیں، جس کے نتیجے میں 120 افراد جاں بحق جب کہ 20 بچوں سمیت 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں 40 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
حادثے کی جگہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، جھلسے ہوئے افراد کووکٹوریہ اسپتال اورنشتراسپتال ملتان منتقل کیا جارہا ہے جہاں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب وکٹوریہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے، اسپتال میں زخمیوں کیلئے دستیاب سامان کم پڑگیا ہے جب کہ زخمیوں کیلئے دیگروارڈز خالی کرائے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے ایم ایس وکٹوریہ ڈاکٹرطاہرہ سعید کا کہنا ہے کہ وکٹوریہ اسپتال میں 67 افراد شدید جھلسے ہوئے لائے گئے ہیں جب کہ زخمیوں کوسی ایم ایچ سمیت دیگراسپتالوں میں بھی منتقل کیا جارہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے المناک حادثے پرافسوس کا اظہارکیا. زخمیوں کی اسپتال منتقلی کے لیے آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرزروانہ کردیے گئے ہیں جب کہ تمام اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے ریسکیوسمیت ریلیف سروس میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ہدایات بھی جاری کردیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button